06 اپریل ، 2013
کراچی…عام انتخابات کے لیے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی پر دو حلقوں میں اعتراضات دائر کیے گئے ہیں ، شہباز شریف کے خلاف تین حلقوں میں دائر اعتراضات پر فیصلہ کل سنایا جائے گا جبکہ عمران خان کے دو حلقوں میں کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے، کراچی کے حلقہ این اے دو سو پچاس سے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی پرا عتراض دائر کردیا گیا ۔یہ اعتراض ان کے مدمقابل جماعت اسلامی کے نعمت اللہ خان نے دائر کیا ہے اور موقف اپنایا ہے کہ مشرف میں دو مرتبہ آئین توڑا ہے،انہیں نا اہل قرار دیا جائے۔اسی طرح این اے اڑتالیس اسلام آباد میں بھی پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اعتراض دائر کردیا گیا ہے ، اور موقف اپنایا ہے کہ وہ آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اُترتے ، سرگودھا کے حلقہ این اے اڑسٹھ میں نوازشریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات رد کرتے ہوئے انہیں منظور کرلیا گیا ۔راجن پور کے حلقہ پی پی دوسو سینتالیس سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔مظفر گڑھ میں حلقہ این اے ایک سو ستتر پر پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر سے ریٹرننگ افسر نے ان کی ٹیکسٹائل مل پر نجی بینک کے چھپن ملین روپے کے قرض کا کلیئرنس سرٹیفکیٹ کل تک طلب کرلیا ہے ، اور اگر کلیئرنس سرٹیفکیٹ پیش نہ کیے گئے تو کاغذآت نامزدگی مسترد کردیئے جائیں گے ، لیکن حنا ربانی کھر کا موقف ہے کہ یہ ٹیکسٹائل مل اُن کے شوہر کی ملکیت ہے ۔راجن پورپی پی 248سے تحریک انصاف کے اویس لغاری کے کاغذات درست نہ ہونے پرمسترد،خیرپورمیں حلقہ پی ایس 29 سے سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کے کاغذات نامزدگی اعتراضات دور ہونے پر منظور کرلئے گئے۔این اے ایک سو بائیس لاہورمیں عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر عائد اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر نے ان کے کاغذات منظور کرلیے ۔لاہور کے حلقہ این اے128اورپی پی161سے پیپلزپارٹی پنجاب کے صدرمنظوروٹو کے کاغذات نامزدگی منظورکرلیے گئے ۔ راول پنڈی کے حلقہ این اے پچپن سے شیخ رشید احمد کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں ، جبکہ این اے چھپن سے شیخ رشید نے عمران خان کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔ این اے 50 میں ن لیگ کے شاہد خان قان عباسی پر عائد اعتراض مسترد کرتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔لاڑکانہ میں حلقہ این اے 207 سے پی پی کی امیدوار فریال تالپور کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔ یہ وہی حلقہ ہے جہاں سے بے نظیر بھٹو کامیاب ہوتی رہی تھیں۔کوئٹہ میں این اے 259 سے جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔الیکشن کمیشن کو ملک بھر سے 23 ہزار 715 کاغذات نامزدگی موصول ہوئے ،جن میں 20 ہزار 729 کی ابتدائی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ، جانچ پڑتال مکمل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن پاس کل تک کا وقت ہے جس کے بعد آٹھ سے دس اپریل تک منظور اور مسترد کاغذات کے خلاف درخواستیں دائر کی جاسکیں گی ۔