پاکستان
06 اپریل ، 2013

سیاسی قائدین کی سیکیورٹی کیلئے درجہ بندی کر دی ،نگراں وفاقی وزیر داخلہ

سیاسی قائدین کی سیکیورٹی کیلئے درجہ بندی کر دی ،نگراں وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد…نگراں وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان سمیت اہم سیاسی قائدین کی جان کو خطرے کی اطلاعات ہیں ، جن کی سیکیورٹی کے لیے درجہ بندی کر دی گئی ہے ، ڈی ملٹری آپریشنز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ فوج عام انتخابات میں مکمل تعاون کرے گی تاہم ہرپولنگ اسٹیشن پرفوجی تعینات کرنا غیرپیشہ وارانہ سوچ ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ ملک حبیب کی زیرصدارت آئندہ انتخابات کے سیکیورٹی پلان پروزارت داخلہ اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام اور چاروں صوبائی پولیس اور انتظامیہ کے سربراہان شریک ہوئے۔ نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ میاں نواز شریف، عمران خان اور دیگر سیاسی قائدین کی جان کو خطرے کی اطلاعات ہیں ، انہیں فول پروف سیکیورٹی دینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔سینئر قیادت کو خطرات ہیں۔ نواز شریف یا عمران خان کو اگر کچھ ہوا تو انتخابی عمل متاثر ہو سکتا ہے ، اُن سمیت دیگر لیڈرشپ کی سیکیورٹی کے لیے درجہ بندی کر دی ہے۔نگراں وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ ڈی جی ملٹری آپریشنز نے یقین دہانی کرا دی ہے کہ فوج عام انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لیے سول انتظامیہ کی مکمل معاونت کرے گی۔ نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر فوج کو کوئیک رسپانس فورس کے طور پر بلایاجائیگا،ہزارہ کمیونٹی کے تحفظ کے لیے بھی فوج بلائی جاسکتی ہے۔نگراں وفاقی وزیر داخلہ کا کہناہے کہ پولنگ اسٹینشنز کی حدود میں سیاسی جماعتوں کے پرائیویٹ گارڈز سمیت کوئی اسلحہ کی نمائش نہیں کر سکے گا۔ پوری قوم کی نظریں اس وقت نگراں حکومت پر ہیں، کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں :