10 اپریل ، 2013
اسلام آباد…الیکشن ٹریبونلز کے روبرو کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرانے کا آج آخری دن تھا۔ ٹریبونلز میں پرویز مشرف نے بھی قصور اور کراچی میں اپنے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کیں، جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے ٹریبونل نے نواز شریف کے خلاف اپیل کی سماعت سے انکار کر دیا۔ جھنگ سے فیصل صالح حیات اور عابد امام دونوں کے کاغذات درست قرار دے دیئے گئے۔ اپیلوں کا فیصلہ سترہ اپریل تک کیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ ن کے صدرمحمدنواز شریف کے این اے120سے کاغذات نامزدگی منظورہونے کے خلاف اپیل کی سماعت سے انکار کر دیا اور کہا کہ اس کی سماعت کوئی دوسرا ٹریبونل کرے۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے بھی قصور سے اپنے کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل دائر کردی۔این اے 98 پر کاغذات مسترد ہونے کے خلاف پی پی رہنما امتیاز صفدر وڑائچ کی اپیل پر ریٹرننگ افسر کو پندرہ اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ پشاور ہائی کورٹ کے تین رکنی الیکشن اپیلٹ ٹریبونل میں سو کے قریب امیدواروں نے اپیلیں دائر کیں۔ این اے 32 چترال سے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے کاغذات منظور کیے جانے کے خلاف پانچ اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مولانا فضل الرحمان، امیرحیدر ہوتی،پیرصابرشاہ اور انورسیف اللہ کے کاغذات کی منظوری کے خلاف بھی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ سندھ میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس غلام سرور کورائی پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے مخدوم امین فہیم اور ملک اسد سکندر کے کاغذات کی منظوری کے خلاف اپیلیں مسترد کردیں۔ پرویز مشرف نے این اے 250 کراچی سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل کردی۔ ٹریبونل نے این اے 233 سے لیاقت جتوئی کے کاغذات منظور ہونے کے خلاف اپیل مسترد کردی۔الیکشن ٹریبونل ملتان بنچ نے حلقہ این اے 87 جھنگ سے فیصل صالح حیات اور عابد امام کی اپیلیں سن کر ان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔