10 اپریل ، 2013
گجرات …مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ 85 سے 90 فیصد سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوچکی۔باقی معاملات کل تک طے ہوجائیں گے۔ گجرات میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈیڑھ سال قبل پی پی کو بتادیا تھا کہ کائرہ برادران کو سپورٹ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران اور کائرہ کاتعلق اس وقت سے ہے جب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن بھی وجود میں نہیں آئی تھیں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انہیں اپنے لیڈر صدر زرداری پر فخر ہے کہ انہوں نے چوہدری برادران سے بات کرنے سے قبل انہیں اعتماد میں لیا اور آپس کی مخالفت ختم کرائی۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں تو مسلم لیگ ن کو شاید کوئی سیٹ مل جائے لیکن پنجاب میں عمران خان ن لیگ کو اوقات دکھادیں گے۔