پاکستان
13 اپریل ، 2013

گیس کم مل رہی ہے،کے ای ایس سی /گیس میں کمی نہیں کی،سوئی سدرن

گیس کم مل رہی ہے،کے ای ایس سی /گیس میں کمی نہیں کی،سوئی سدرن

کراچی…کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے کہا ہے کہ اسے گیس کم مل رہی ہے، آج سے صنعتی علاقوں میں آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی۔ سوئی سدرن کا کہنا ہے اس نے کے ای ایس سی کی گیس میں کمی نہیں کی۔کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے بے بنیاد سود کا مطالبہ کرکے گیس کی فراہمی کم کرکے 120 ملین کیوبک فٹ کردی ہے جس کے باعث مجبورا صنعتی علاقوں میں آج سے آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ ترجمان نے کہا کہ کے ای ایس سی نے پچھلے ایک سال میں 35 ارب روپے کی ادائیگی کی ہے جبکہ 34 ارب روپے کی گیس خریدی، کے ای ایس سی نے سو ئی گیس کمپنی کو دو سال میں بقایاجات ادا کرنے کا معاہدہ متعدد بار بھیجا جو ایس ایس جی سی کے بورڈ نے مسترد کردیا۔ترجمان نے بتایا کہ ایس ایس جی سی کے بورڈ اور مینجمنٹ سے بے شمار میٹنگز کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوسکا،جبکہ ترجمان سوئی گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔گزشتہ چار ماہ سے 120 ملین کیوبک فٹ گیس روزانہ فراہم کی جارہی ہے، ترجمان نے مطالبہ کیاہے کہ کے ای ایس سی واجبات کے کْل 46 ارب روپے فوری ادا کرے ۔

مزید خبریں :