17 جنوری ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر قانون سینٹر مولابخش چانڈیونے کہا ہے کہ انھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے،نہ ہی ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔منگل کی شام میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ انھوں نے استعفیٰ دیدیاہے۔انھوں نے مزید کہا کہ جمعرات کو وزیراعظم گیلانی این آر او کیس میں اپنی پیشی پر سپریم کورٹ جائیں گے اور ہم سب بھی انکے ساتھ ہونگے۔مولا بخش چانڈیونے کہا کہ انکی آج صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ضرور ہوئی ہے تاہم اس میں انکے استعفیٰ پر کوئی بات نہیں ہوئی ۔واضح رہے کہ منگل کو سابق وزیرقانون سینٹر بابر اعوان کی بھی صدر سے ملاقات ہوئی تھی جسکے بعد دن بھر مختلف ذرائع ابلاغ پر یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ مولا بخش چانڈیو،بابر اعوان کو وزیرقانون بنانے کے لیے اپنے عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔یہاں یہ امر بھی دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ چند ماہ قبل سینٹر بابر اعوان نے اس وقت وزارت سے مستعفی ہوکر بھٹو ریفرنس میں صدر زرداری کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں پیش ہونے کا اعلان کیا تھا جب صدر نے پی پی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دیئے جانے کے کیس کا ریفرنس سپریم کورٹ بھجوایا تھا۔