17 اپریل ، 2013
کراچی…عام انتخابات سے قبل کراچی میں دس سیاسی جماعتوں کا اجلاس تاحال شروع نہ ہوسکا۔اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے بعد کراچی کی قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔مسلم لیگ فنکشنل،مسلم لیگ ن ،جماعت اسلامی،جے یوآئی ف اور جے یوپی سمیت دس سیاسی جماعتوں کااجلاس مسلم لیگ فنکشنل کی میزبانی میں بلایاگیاتھا۔ذرائع کے مطابق دس جماعتوں کا صوبائی اجلاس مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات کے باعث تاخیر کا شکار ہوا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف شہر میں موجود ہیں اور ٹکٹوں کی تقسیم پر کراچی اور پارٹی کی صوبائی قیادت کے درمیان اختلافات دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے صوبائی قیادت کی جانب سے پارٹی کے کراچی کے صدر نہال ہاشمی نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 251 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت نے یہ نشست جماعت اسلامی کو دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی کی قومی اسمبلی کی 20اورصوبائی اسمبلی کی 42 نشستوں کی تقسیم پر سیاسی جماعتوں کے درمیان کافی حد تک اتفاق رائے ہوچکاہے۔اتحاد میں شامل جماعتوں نے علیحدہ علیحدہ مزاکرات کے بعد قومی اسمبلی کی نشستیں بالترتیب جماعت اسلامی کو 10 مسلم لیگ ن اور جے یوآئی ف کو 3، 3اورجے یوپی کو 4 نشستیں دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔