17 اپریل ، 2013
اسلام آباد … نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک محمد حبیب خان کی ہدایت پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائشگاہ کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ نگراں وزیر داخلہ کی ہدایت پر آئی جی پولیس بنیامین خان، ڈی ایس پی خورشید خان اور ایس ایچ او فیاض رانجھا نے عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی سیکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد عمران خان کی رہائش گاہ پر 6 کے بجائے 16 پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اس سے قبل تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری نے عمران خان کی سیکیورٹی سخت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدھ کو 100 شرپسندوں نے عمران خان کی رہائشگاہ پر حملہ کیا اور املاک کو نقصان پہنچایا۔