17 اپریل ، 2013
پشاور … اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ اگر میرے خاندان یا پارٹی کے ارکان میں مزید کوئی مارا گیا تو اس کی ایف آئی آر ریاست کے بڑوں اور چیف الیکشن کمشنر سمیت ان پارٹیوں رہنماوٴں کے خلاف بھی درج کرائی جائے گی جو دہشت گردی کی ان کارروائیوں کی مذمت نہیں کرتے۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ وہ میدان چھوڑ کر بھاگنے والوں میں نہیں، اپنی جان کی فکر نہیں، لیکن یکہ توت دھماکے میں شہادتوں پرانتہائی دکھ ہے۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ وہ الیکشن سے دستبردار نہیں ہوں گے، ملک کی بڑی شخصیات مل کر فیصلہ کریں کہ دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا پانا ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے این پی نے کیا قصور کیا ہے کہ اسے نشانہ بنایا جارہا ہے۔