17 اپریل ، 2013
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے 2 سابق وزرائے اعظم، وزراء کی سیکیورٹی اور مراعات سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی سیکیورٹی اور مراعات کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا ہے، کنٹرولر جنرل اکاوٴنٹس آصف عثمان نے بتایا کہ سابق وزرائے اعظم ، سابق وزرائے داخلہ کی مراعات پر 28کروڑ 97لاکھ سالانہ اخراجات آئیں گے۔ سپریم کورٹ میں سابق وزرائے اعظم اور وزراء کی سیکیورٹی اور مراعات سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ نے کی۔ سپریم کورٹ نے ر حمان ملک کی سیکیورٹی اور مراعات کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ کو نوٹس جار ی کر دیا اور کہا کہ بتایا جائے رحمان ملک کی سیکیورٹی کا نوٹیفکیشن کس بنیاد پر جاری کیا گیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ نوٹیفکیشن اجراء کے دیگر ذمہ داران بھی آئندہ سماعت پر پیش ہو کر وضاحت کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سابق وزرائے اعظم اور وزرائے داخلہ کی سیکیورٹی مراعات پر رقوم سرکاری خزانے سے خرچ ہوں گی، آرٹیکل 9کے تحت عوام کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، بتایا جائے کس قانون کے تحت صوبائی وزرائے اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو تاحیات مراعات کا بل منظور کیا گیا۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ فتح محمد ملک نے کہا کہ سابق وزرائے اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سے متعلق قانون اسمبلی نے منظور کیا۔ مقدمے کی مزید سماعت جمعرات کو ہو گی۔