18 اپریل ، 2013
اسلام آباد … اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی ضمانت مسترد کردی، تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا، عدالت سے فرار ہونا ایک الگ جرم ہے، ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کے فرار پر آئی جی اسلام آباد کو کل طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی ، عدالت نے سابق صدر کی درخواست مسترد کردی، گرفتاری کا حکم ملتے ہی سابق صدر کمرہ عدالت سے فرار ہوگئے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کی ضمانت مسترد کئے جانے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ، جس میں سابق صدر کے عدالت سے فرار ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کا فرار ہونا ایک الگ جرم ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار کے نوٹ کے مطابق پرویز مشرف کے ذاتی محافظوں نے فرار میں مدد دی۔ ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آبادکو کل طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بتائیں پرویز مشرف کی گرفتاری کے کیا اقدامات کئے، یہ بھی بتایا جائے کہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کیا کاروائی کی گئی ہے۔