19 اپریل ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کے طیارے کی ونڈ اسکرین میں دوران پرواز اچانک کریک آ گیا۔ طیارے کو فوری طور پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔مسلم لیگ ن کے صدر ایک پرائیویٹ جہاز میں کوئٹہ سے شام چار بجے روانہ ہوئے۔اُن کی منزل حاصل پورتھی جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے جلسہ سے خطاب کرنا تھا۔جہاز 35 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچا ہی تھا کہ ٹیک آف کے بیس منٹ بعد ہی اچانک ونڈ اسکرین میں کریک آ گیا۔پائلٹ نے فوری طور پر میاں نوازشریف کو آگاہ کیا، وہ خود کاک پٹ پہنچے اور اسکرین کا جائزہ لیا۔کریکس بڑھے تو پائلٹ جہاز کو 9 ہزار فٹ کی بلندی پر لے آیا۔جہاز حاصل پور لے جانے کی بجائے سوا پانچ بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا،میاں نواز شریف اپنے گھر ماڈل ٹاوٴن چلے گئے۔ واقعہ کے باعث حاصل پور میں مسلم لیگ ن کا جلسہ منسوخ کر دیا گیا۔ ادھر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارے کی ونڈ اسکرین میں کریک کی انکوائری شروع کر دی۔