19 اپریل ، 2013
اسلام آباد…پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پرویز مشرف کے ساتھ جو ہونا ہے وہ پاکستان کے جمہوری نظام اور مستقبل کے لیے اہم ہے ،پرویز مشرف کے خلاف جب آرٹیکل 6 کی بات کی تھی تو پیپلزپارٹی کو سانپ سونگھ گیاتھا، پیپلزپارٹی کے حکمران پرویز مشرف کو استثنیٰ دینا چاہتے تھے ،انہیں حکمرانوں نے پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا تھا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ہم عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس نے یہ نہیں دیکھا کہ سامنے کون کھڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نگران حکومت یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی طرح ہر کام کی منظوری ایوان صدر سے لیتی ہے، پنجاب میں کلرک تک تبدیل کر دیئے گئے، دوسرے صوبوں میں کسی کو بھی تبدیل کیا بھی گیا تو دوسرے چیلے کو لگا دیا گیا۔