21 اپریل ، 2013
لاہور … مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف غداری کے مقدمہ میں جلد بازی کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، ایسے اقدامات سے باز رہا جائے جس کے نتائج پر بعد میں قابو نہ پایا جاسکے۔ مسلم لیگ ق کے میڈیا سیل سے جاری بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف کیس بہت حساس معاملہ ہے جس کے بڑے اہم اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ، یہ صرف ان کی ذات کا مسئلہ نہیں، اس سے پنڈورا باکس کھل جائے گا، کسی ایک فرد یا ادارے کی تذلیل خطرناک صورتحال اختیار کر سکتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں انتخابی مہم عروج پر ہے، جلد بازی کا کوئی اقدام قومی مفاد اور جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ سب کو اپنے ذاتی اور پارٹی مفادات سے بالاتر ہو کر عوام کی بھلائی کا سوچنا ہے ورنہ یہاں کوئی فاتح نہیں ہو گا، سب کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا