23 اپریل ، 2013
سکھر…سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگرپیپلز پارٹی سمیت دیگر لبرل جماعتوں کو الیکشن سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی تو یہ انتہائی خطرناک ہوگا،سکھر میں جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ تحریک انصاف اور ن لیگ کو کوئی دھمکی نہیں مل رہی ہے، صرف چند پارٹیوں کو دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات نہیں کی گئی تو ووٹرزمیں تحفظ کا احساس پیدا نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو بارہا خط لکھا ہے کہ اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ اگر پولنگ کے دن ٹرانسپورٹ کی اجازت نہیں دی گئی تو مجھے خوف ہے کہ ووٹ ڈالنے کا ٹرن آوٴٹ ماضی کے مقابلے میں اور کم ہوجائے گا۔