23 اپریل ، 2013
اسلام آباد…پرویز مشرف کے فارم ہاوٴس کے قریب سے دھماکاخیز مواد سے بھری گاڑی پکڑی گئی۔اسلام آباد میں سابق صدر پرویز مشرف کے فارم ہاوٴس ، جسے سب جیل کا درجہ دیا گیا ہے ، اس سے تقریباً ایک کلو میٹر دور کھڑی مشکوک گاڑی پولیس نے قبضے میں لے لی جس کی اطلاع شہریوں نے دی۔ ون فائیو کی ٹیم اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر گاڑی کا جائزہ لیا تو چاروں دروازوں اور پچھلی نشست پر بارودی مواد نصب تھا جبکہ کئی ڈیٹونیٹرز ، ٹائم ڈیوائسز اور دو ریمورٹ کنٹرول بھی گاڑی میں موجود تھے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا کر گاڑی تھانہ شہزاد ٹاوٴن کے باہر پہنچا دی۔ آئی جی اسلام آباد بنی امین کا کہنا ہے کہ چند روز سے دہشت گردی کی بہت زیادہ دھمکیاں ملی ہیں ، دیکھنا یہ ہے کہ کون سا گروپ ملوث ہے۔ پولیس کے مطابق گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ جعلی ہے جو اسلام آباد کی ہی ایک اور گاڑی کی ہے اورخاتون کے نام پر رجسٹرڈ ہے، پولیس نے گاڑی کی مالک خاتون سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔