23 اپریل ، 2013
اسلام آباد…عام انتخابات کے لیے18 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی جاری ہے،اس مقصد کے لیے الیکشن کمیشن نے پر نٹنگ کارپوریشن کو 30 کروڑ روپے ادا کر دیے جبکہ ان مٹ سیاہی کی تیاری کیلئے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کو بھی 15 کروڑ روپے اداکردیے گئے ہیں ۔ کمیشن ارکان نے پرنٹنگ کارپوریشن کے دفتر کا دورہ بھی کیا اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے کام کا جائزہ لیا۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعتیں مکمل ہونے کے ایک ہفتے بعد الیکشن کمیشن نے ان کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں ،جس کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے کل 602 اپیلیں الیکشن ٹریبونزلز میں دائر کی گئیں،جن میں سے 216 منظور جبکہ 386 مسترد کردی گئیں ۔صوبائی اسمبلیوں کے لیے 1047 اپیلیں دائر ہوئیں ،478 منظور اور 569 مسترد کی گئیں۔