26 اپریل ، 2013
اسلام آباد … مشیر خزانہ ڈاکٹر شاہد امجد نے کہا ہے کہ پیر سے ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں 3 گھنٹے کمی ہوجائے گی اور تیل سے بجلی بنانے کیلئے مزید 45 ارب روپے جاری کئے جائیں گے، الیکشن تک بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا۔ بجلی بحران پر مشیر خزانہ ڈاکٹر شاہد امجد، وزیر پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق ملک اور وزیر پیٹرولیم سہیل وجاہت نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ نگراں حکومت بجلی کیلئے 20 ارب روپے جاری کر چکی ہے، مزید 10 ارب روپے اپریل کے اختتام تک اور 35 ارب روپے مئی میں جاری کئے جائیں گے جس سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ نگراں وفاقی وزیر پیٹرولیم سہیل وجاہت صدیقی نے بتایاکہ 2 دن کے اندر بجلی گھروں کو مزید 15 کروڑ مکعب فٹ اضافی گیس فراہم کردی جائے گی۔ نگراں وفاقی وزیر پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پیرتک بجلی کی پیداوار 1900 میگاواٹ بڑھائی جائے گی، بجلی کی زیادہ لوڈ شیڈنگ پر قوم سے معافی مانگتے ہیں تاہم یقین دلاتے ہیں کہ اس میں کمی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔