28 اپریل ، 2013
ملتان…متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی گئی تو اس کا خیرمقدم کریں گے،ملتان کے حسین آگاہی چوک پر میڈیا سے گفتگو میں رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ایک صوبے میں انتخابی مہم چل رہی ہے۔ تین صوبے انتخابات سے بہت دور ہیں، ایسے میں الیکشن نہیں سلیکشن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لئے الیکشن میں تاخیر ضروری ہو تو ایم کیو ایم اس کا خیرمقدم کرے گی۔رضا ہارون کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماوٴں کو ذاتیات پر حملے نہیں کرنے چاہئیں۔ جو جماعتیں دہشت گردوں کے حملوں سے بچی ہوئی ہیں اْن میں سے کسی نے اب تک اِن حملوں کی مذمت نہیں کی۔ ایک سوال پر رضا ہارون نے کہاکہ دہشت گرد تنظیمیں ملک میں جمہوریت نہیں چاہتیں۔