28 اپریل ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدواروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق کراچی ، بلوچستان اور خیبر پختوانخواہ میں دہشت گردی کے واقعات قابل تشویش ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امن امان کا قیام صوبائی حکومتوں کی بنیادی زمہ داری ہے، امیدواروں کو ایسا ماحول فراہم کیا جائے کہ وہ بے خوف اپنی انتخابی مہم چلا سکیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو اب تک صرف پنجاب سے پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات ملی ہیں اور وہ بھی نامکمل ہیں۔ پنجاب سے ملنے والی فہرست میں ہر حلقے میں پولنگ اسٹیشنوں ، پولنگ بوتھ اور عملے کی تعداد دی گئی ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ پولنگ اسٹیشن کہاں بنائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کو باقی تین صوبوں سے پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات کا انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو ملک بھر سے پولنگ اسٹیشن غلط مقامات پر بنائے جانے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ یہ شکایات صوبائی الیکشن کمیشنوں کو بھیج دی گئی ہیں تاکہ ان کا ازالہ کیا جاسکے۔