28 اپریل ، 2013
منڈی بہا الدین …پنجاب کے اضلاع منڈی بہاوٴالدین اورٹوبہ ٹیک سنگھ میں2نہروں کے بند ٹوٹ گئے،جن کاپانی وسیع علاقے میں پھیل گیااورایک دینی مدرسے سمیت سیکڑوں ایکڑ پرگندم کی تیار فصل زیر آب آگئی۔ لوگوں نے نہریں ٹوٹنے کاذمے دارمحکمہ انہار کو قرار دیتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔پھالیہ میں میلو شرقی کے قریب اپرجہلم کینال سے نکلنے والی 14آر ڈسٹری بیوٹری کا بند ٹوٹ گیا،جس سے سیکڑوں ایکڑ اراضی پرگندم کی تیار فصل زیر آب آگئی۔کسانوں نے بتایاکہ نہر میں شیڈول سے قبل پانی چھوڑ دیا گیا،اس سے پہلے نہر میں گندم کی کٹائی کے بعد دھان کی فصل کی بوائی کے وقت پانی چھوڑا جاتا تھا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی مرید والا کے قریب نہر گوگیرہ برانچ کابندٹوٹ گیااور تقر یباً40فٹ چوڑا شگاف پڑ نے سے وسیع علاقہ زیرِآب آگیا،پانی دینی مدرسے میں داخل ہونے سے طلباء کوبھی پریشانی کاسامناکرنا پڑا،مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت شگاف پْر کرنے کی کوشش کرتے رہے،انہوں نے محکمہ انہار کے عملے کے خلاف احتجاج بھی کیا۔