30 اپریل ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ن کے رہنما ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کرپشن اور لوڈشیڈنگ پر پیپلزپارٹی کو کلین چٹ دے رہے ہیں ، لگتا ہے بلا ، تیر اور سائیکل آپس میں ملے ہوئے ہیں ،عمران خان کو مناطرے کا چیلنج دینا وقت کا ضیاع ہے۔رائے ونڈ جاتی عمرا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب سے روزانہ 700 میگاواٹ بجلی باہر جا رہی ہے ، عمران خان اربوں روپے کی رینٹل پاورکرپشن اور پنجاب کی ساتھ وفاق کے برے سلوک پر بھی زرداری صاحب کو بے قصور قرار دے رہے ہیں ، شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان ان کے چیلنج کا جواب دینے سے بھاگ گئے، اُن کو مناظرے کا چیلنج دینا وقت کا ضیاع ہے۔ نواز شریف انہیں کبھی ان کی زبان میں جواب نہیں دیں گے ،انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کا فرض ہے ایسے سیاستدانوں کو سکیورٹی فراہم کرے جنہیں خطرات لاحق ہیں،11 مئی کو تیر، بلا اور سائیکل تتر بتر ہو جائیں گے ،عوام سے اپیل ہے ووٹوں کو تقسیم نہ ہونے دیں۔