پاکستان
30 اپریل ، 2013

ملک کا بجلی کا نظام بدعنوان ہے، وفاقی وزیر پانی وبجلی

 ملک کا بجلی کا نظام بدعنوان ہے، وفاقی وزیر پانی وبجلی

اسلام آباد…نگراں وفاقی وزیر پانی وبجلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک کا پاور سسٹم کرپٹ ہے ، رشوت دے کر مرضی کی پوسٹیں حاصل کرنے والے بجلی چوری روکنے کی بجائے پہلے اپنی رقم پوری کرتے ہیں، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سالانہ 36ارب روپے کا نقصان کررہے ہیں۔ نگراں وفاقی وزیر پانی و بجلی اسلام آباد میں توانائی بحران اور اس کے ممکنہ حل کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ شہروں میں 14اوردیہی علاقوں میں 16گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کا بزنس ماڈل خراب ہے،مہنگی بجلی پیدا کر کے سستی بیچی جا رہی ہے، اس بزنس پلان پر ملک کا پاور سیکٹر چلانا تو دور کی بات ، جوتوں کی دکان نہیں چل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس نجی پاور پلانٹس کے مقابلے میں سالانہ 36ارب روپے کا اضافی تیل کھا رہے رہے ہیں اور انہوں نے پی ایس او کو بھی دیوالیہ کر دیا ہے۔ نگراں وفاقی وزیر نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اسمارٹ میٹرنگ نظام کی تنصیب اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیز کی نجکاری کی تجویز بھی پیش کی۔

مزید خبریں :