02 مئی ، 2013
کراچی…سندھ کی نگراں حکومت سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ان کی کابینہ کے ارکان سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کیلیے یاد دہانیوں سے آگے جانے کا ارادہ نہیں رکھتی جبکہ سرکاری گاڑیوں کے قابضین ہیں کہ ”شرم تم کومگرنہیں آتی“۔ ریمائنڈر پر ریمائنڈر کی گزشتہ روز جیو نیوز پر رپورٹ نشر کی گئی۔سندھ کی نگراں حکومت سرکاری گاڑیوں کی واپسی کے لیے ’ریمائنڈر پر ریمائنڈر‘دینے سے نہیں تھک رہی تو سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ان کی کابینہ کے ارکان بھی باز آنے کو تیار نہیں۔پانچ مرتبہ یاددہانیوں کے بعد سندھ کی نگراں حکومت نے 30اپریل کی تاریخ میں ایک نیاخط جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے سندھ کے سابق وزراء اور مشیران میں ایازسومرو سرکاری لینڈ کروزر ہتھائے ہوئے ہیں، شرمیلا فاروقی ،اختر جدون،حمیرا علوانی،تاج حیدر،فیاض بٹ،مکیش کمار چاوٴلہ اورتوقیر فاطمہ بھٹوبیس بیس لاکھ روپے کی 1600سی سی گاڑیوں پر قابض ہیں ،کئی بغیر محکمہ سابق معاونین اور کنسلٹنٹ بھی اب تک جھنڈے والی چمچماتی کاروں کے مزے لوٹ رہے ہیں ،یہی نہیں بلکہ سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد تو تین چار لاکھ روپے والی 800سی سی کار بھی دینے کو تیار نہیں۔ذرائع کہتے ہیں کہ نگراں حکومت کو سرکاری املاک چھڑانے کیلئے اب ریمائنڈر کی بجائے ”ریمانڈ“سے کام لینا چاہئے۔