08 مئی ، 2013
کراچی…کراچی پولیس نے الیکشن سیکیورٹی کے لیے پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، پولیس کے تقریبا19ہزار جوانوں کو تعینات کیاجائے گا جبکہ افسران کو امید ہے کہ انہیں مزید5ہزار اہلکار کمشنر کراچی کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔ جیو نیوز کے طلحہ ہاشمیکے مطابق عام انتخابات 2013کے لیے کراچی پولیس نے اپنے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ کراچی میں کل 2380 پولنگ بلڈنگز اور 4156 پولنگ اسٹیشنز ہیں۔ ان میں سے 1171 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ 1990پولنگ اسٹیشنز کو حساس جبکہ صرف 995پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں کل 18657 اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا ۔جس میں کراچی کی آپریشنل پولیس، انویسٹی گیشن پولیس، خصوصی یونٹس، سی آئی ڈی سمیت دیگرشعبہ جات کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ پولنگ اسٹیشنز پر 14690 اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے 534پٹرولنگ اسکواڈز بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔ ان اسکواڈز میں ایک افسر اور تین سپاہی ہوں گے۔ شہر میں ایسے 208حساس مقامات ظاہر کیے گئے ہیں جہاں مستقل پکٹس لگائی جائیں گی۔ ہر پکٹ پر ایک افسر اور چار اہلکار تعینات ہوں گے۔