پاکستان
08 مئی ، 2013

نواز شریف کی مقبولیت بڑھ گئی، 72 فیصد پاکستانی امریکا مخالف ہیں، امریکی سروے

نواز شریف کی مقبولیت بڑھ گئی، 72 فیصد پاکستانی امریکا مخالف ہیں، امریکی سروے

واشنگٹن…امریکی سروے کے مطابق مارچ میں میاں نواز شریف کی مقبولیت باقی سیاستدانوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ تھی ، معیشت اور دہشت گردی سمیت اہم امور پر پاکستانی عوام کیا رائے رکھتے ہیں ۔اس حوالے سے امریکی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ نے یہ سروے اس سال مارچ میں کرایا تھا جس میں 1200 افراد کی رائے لی گئی۔ نتائج میں سامنے آیا کہ 81 فی صد پاکستانی ، ملکی معیشت کو خراب حالت میں دیکھتے ہیں۔اسی سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ انچاس فی صد پاکستانی طالبان کوملک کے لئے ایک بڑا خطرہ سمجھتے ہیں، پچھلے سال ان لوگوں کی تعداد سینتیس فی صد تھی۔ پچاس فی صد سے زائد لوگ اب بھی بھارت کو بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔یہ بات بھی سامنے آئی کہ 36 فی صد پاکستانی خاصے فکر مند ہیں کہ کہیں شدت پسندملک پر قابض نہ ہو جائیں، 2012 میں یہ تعداد 26 فی صد تھی۔ سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اناسی فی صد پاکستانی یہ سمجھتے ہیں کہ پاک فوج ، قوم کے لیے مثبت اثر رکھتی ہے۔69 فی صد نے مذہبی رہنماوٴں، 68 نے میڈیا، 58 فی صد نے عدالتوں کے بارے میں بھی مثبت رائے دی۔اس سے متعلق حکومت کے لیے صرف 24 فی صد، پولیس کے لیے 23 اور صدر زرداری کے لیے صرف 15 فی صد افراد نے مثبت رائے دی۔سروے کے مطابق 72 فی صد پاکستانی امریکا مخالف جذبات رکھتے ہیں۔ جب کہ افغانستان سے نیٹو فورسز کے انخلا کو سراہنے والوں کی تعداد 66 فی صد ہے۔امریکی ڈرون حملوں سے متعلق کیے گئے سوالات کے بعد یہ رائے سامنے آئی کہ 33 فی صد پاکستانی، ڈرون حملوں کو ضروری سمجھتے ہیں۔74 فی صد کا خیال ہے کہ ان حملوں میں ضرورت سے زیادہ عام افراد مارے جاتے ہیں۔اس سروے میں پوچھا گیا کہ ملک کا بڑا مسئلہ کیا ہے تو 95 فی صد افراد نے جرائم اور 93 فی صد نے دہشت گردی کو ملک کو درپیش بڑے مسائل قرار دیا۔اس سروے میں ملک کی اہم شخصیات کے بارے میں عوام کی رائے جانی گئی تو سامنے آیا کہ 66 فی صد شہری مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کے بارے میں اچھی رائے دی۔پچھلے سال ان لوگوں کی تعداد 52 فی صد تھی۔عمران خان کی مقبولیت 70 فی صد سے کم ہو کر 60 فی صد رہ گئی۔ سروے کے مطابق صدر زرداری کو نا پسند کرنے والوں کی تعداد83 فی صد ہے۔ سابق وزیرِ اعظم راجا پرویز اشرف کو پسند کرنے والوں کی تعداد صرف 17 فی صد دیکھی گئی۔سروے کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مقبولیت 54 فی صد سے کم ہو کر 45 فی صد رہ گئی ہے جب کہ چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس افتخار محمد چوہدری کی مقبولیت 51 فی صد سے کم ہو کر43 فی صد رہ گئی ہے۔

مزید خبریں :