16 مئی ، 2013
کراچی…کراچی کے حلقہ این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنوں پر 19 مئی کو 86 ہزار316 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنوں پر 19 مئی کو دوبارہ پولنگ ہوگی جہاں 116 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔43 پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹرز کی کل تعداد 86 ہزار316 ہے جس میں 48ہزار442 مرد اور 37ہزار874 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔116 پولنگ بوتھ میں 83 خواتین اور 83 مردوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔دوبارہ پولنگ ہونے والے پولنگ اسٹیشنوں میں صدر اور کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈکے علاقے پاکستان چوک، ریلوے کالونی، ہجرت کالونی، باتھ آئی لینڈ، شیریں جناح کالونی، بزرٹا لائن، ہزارہ کالونی کالاپل، کینٹ اسٹیشن، پنجاب کالونی، دہلی کالونی، ڈیفنس فیز فور، فیزسیون،فیز ایٹ اور قیوم آباد میں بنائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق بیلٹ کی چھپائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے جبکہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے انتخابی عملے کی ڈیوٹیاں لگانے کا کام جاری ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گیارہ مئی کو پولنگ میں دھاندلی کے الزامات ،مٹیریل نہ پہنچنے اور تاخیر سے پولنگ شروع ہونے پر حلقہ این اے 250 کے ان اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔