16 مئی ، 2013
حیدرآباد…انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مسلم لیگ فنکشنل کی اپیل پر سندھ میں ہڑتال کی جارہی ہے۔ مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے اور ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دی گئیں۔مسلم لیگ فنکشنل کی اپیل پر آج سندھ کے کچھ شہروں میں مکمل اور کہیں جزوی ہڑتال کی جارہی ہے۔میرپور خاص ،ڈگری ، نوکوٹ ،عمر کوٹ اور ٹنڈو جام سمیت کئی علاقوں میں سڑکوں سے ٹریفک غائب اور مارکیٹیں بندر ہیں۔سانگھڑ،خیرپور، ٹنڈو محمد خان اورملحقہ علاقوں میں کاروبار معطل ہے۔بدین ،گولارچی اور تھر پارکر سمیت بعض علاقوں میں ٹریفک معمول سے کم ہے۔ نندو شہرمیں زبردستی دکانیں بند کرانے پر دو سیاسی گرپوں کے درمیان تصادم میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بدین میں مسلم لیگ فنکشنل ، پیپلز مسلم لیگ اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ڈی سی چوک پر دھرنا دیا۔سکھر اور حیدر آباد میں بھی جزوی ہڑتال رہی۔ حیدر آباد میں ہسڑی بائی پاس کے قریب مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں نے دھرنا دیا جس سے ٹریفک بلاک ہوگئی۔دادو پریس کلب پر بھی مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔لاڑکانہ کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردیں۔