16 مئی ، 2013
کراچی … امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا ہے کہ پورے کراچی میں انتخابات فوج کی نگرانی میں دوبارہ کرائے جائیں۔ کراچی میں شارع فیصل پر نرسری کے قریب جماعت اسلامی کے تحت دھرنا دیا گیا، دھرنے میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ دھرنے کے شرکاء بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اور انتخابات فوج کی نگرانی میں دوبارہ کرانے کے مطالبات درج تھے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے اعلان کیا کہ مبینہ دھاندلی کے خلاف کل مزار قائد پر دھرنا دیا جائے گا، مزار قائد پر کل کے دھرنے کی قیادت جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کریں گے، دھرنے میں دیگر سیاسی جماعتیں بھی شریک ہوں گی۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ہمیں انتخابات کے دن بائیکاٹ کر نے پر مجبور کیا گیا، پولنگ اسٹیشن پر قبضے تھے، کہیں بیلٹ پیپرز اور کہیں بیلٹ باکس نہیں تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پورے کراچی میں انتخابات فوج کی نگرانی میں دوبارہ کرائے جائیں۔ جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں صاف اور شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا ہے، کراچی کے بچے بچے کے دل کی آواز ہے کہ شہر میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں، چیف الیکشن کمشنر فخرو بھائی کو یہ آواز سن لینی چاہئے۔ جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے مطالبہ کیا کہ انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دیکر کراچی اور حیدر آباد میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔