08 مارچ ، 2012
اسلام آباد… ریلوے کی انتظامیہ نے ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث ریل گاڑیاں چلانے کیلئے متبادل انتظامات کرتے ہوئے انسٹرکٹرز اور فورمین اسٹاف کو ڈرائیور بنا کر گاڑیاں چلادیں۔ ڈرائیورز کی ہڑتال کی وجہ سے راول پنڈی کے ریلوے اسٹیشن سے خیبر میل اور لاہور جانے والی ریل کار کی روانگی قدرے تاخیر سے ہوئی، کوئٹہ جانے والے جعفر ایکسپریس بھی دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی، اسٹیشن پر ہڑتالی ڈرائیورز نے بتایاکہ ریلوے انتظامیہ نے غیرمستند انجن ڈرائیورز کی خدمات حاصل کی ، اس سے ریل گاڑیوں کے مسافروں کی جان کو خطرہ ہوسکتا تھا، ریلوے کے ڈویژنل سپرانٹنڈنٹ راول پنڈی منورشاہ نے بتایاکہ انسٹرکٹرز اور فورمین اسٹاف کو ڈرائیور بنا کر گاڑیاں چلائی گئی ہیں، یہ لوگ روایتی ڈرائیور تو نہیں لیکن اس شعبے کے مکمل تجربہ کار ہیں ۔