20 مئی ، 2013
ایبٹ آباد…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن گلفراز خان خٹک نے ایبٹ آباد کے علاقے منڈیاں میں پاکستان تحریک انصاف کے مسلح افراد کی جانب سے ایم کیوایم ایبٹ آباد زون کے جوائنٹ انچارج کاشف قریشیذ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں گلفراز خان خٹک نے کہاکہ طالبان دہشت گردوں کے عملی تعاون، اربوں روپے کی سرمایہ کاری اوربدترین دھاندلیوں کے باوجود انتخابات میں شکست نے پی ٹی آئی کے لیڈروں اورتشددپسند کارکنوں کو ذہنی مریض بنادیا ہے یہی وجہ ہے کہ انتشار کا شکار پی ٹی آئی پورے ملک میں خوف ودہشت کا ماحول پید ا کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پر جھوٹے اورمن گھڑت الزامات لگانے والے عمران خان نے اپنی جماعت کے دہشت گردوں کو ایم کیوایم کے نہتے ذمہ داران اورکارکنان کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور ایم کیوایم کے ذمہ دار کاشف قریشی پر بہیمانہ تشددپی ٹی آئی کی دہشت گردیوں کا تسلسل ہے۔رابطہ کمیٹی کے رکن گلفراز خان خٹک نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیوایم ایبٹ آبادکے جوائنٹ زونل انچارج کاشف قریشی پر بہیمانہ تشدد کا نوٹس لیا جائے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔