24 مئی ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں اکاوٴنٹنٹ جنرل پاکستان نے حکومت سندھ سے سابق وزیراعظم کے آخری دنوں میں جاری کردہ ترقیاتی فنڈز کی تفصیلات طلب کرلیں۔اکاوٴنٹنٹ جنرل پاکستان کی جانب سے ایک خط لکھا گیا ہے جس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے اختتامی دور میں جاری کئے جانے والے ترقیاتی فنڈز اور منصوبوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالتی فیصلے کے مطابق اکاوٴنٹنٹ جنرل نے چیف سیکریٹری سندھ سے سندھ کے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اور غیر منتخب افراد کو دئیے گئے اربوں روپے کے فنڈز کے ان منصوبوں کی تفصیلات ، ترقیاتی منصوبوں کے کام مانیٹر کرنے والے اداروں کی مکمل معلومات طلب کی ہیں۔یہ تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقم کو مانٹیر کرنے کا طریقہ کار کیا ہے۔ اکاوٴنٹنٹ جنرل پاکستان نے اس سلسلے میں خصوصی سیل قائم کردیا ہے جو سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے آخری حکومتی دنوں میں جاری کئے جانے والے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کی تفصیلات وزارتوں اور اداروں سے جمع کریگا۔