پاکستان
24 مئی ، 2013

پی آئی اے کی پرواز میں جھگڑے کے ذمہ دار2 برطانوی مسافر نکلے

 پی آئی اے کی پرواز میں جھگڑے کے ذمہ دار2 برطانوی مسافر نکلے

لندن … لندن میں اتاری جانے والی والی پی آئی اے کی پرواز میں جھگڑے کے ذمہ دار 2 برطانوی مسافر نکلے، طیارہ اڑانے کی دھمکی بھی انہی کی جانب سے دی گئی، پولیس کہتی ہے واقعہ دہشت گردی نہیں مجرمانہ اقدام ہے، پی آئی اے کی لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز نے اس وقت ڈرامائی موڑ لے لیا جب لینڈنگ سے صرف 10 منٹ پہلے مسافروں کا آپس میں جھگڑا جہاز کو بم سے اڑانے کی دھمکی تک پہنچ گیا، پائلٹ کی کنٹرول ٹاوٴر کو ایمرجنسی کال کے بعد برطانوی جنگی طیاروں نے پاکستانی طیارے کو فضاء میں گھیر کے لندن اتار لیا، پولیس نے2 پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 709 نے صبح 9 بج کر 50 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ٹیک آف کیا جس کی منزل تقریباً آٹھ گھنٹے کی دوری پر برطانیہ کا شہر مانچسٹر تھی۔ برطانوی فضائی حدود میں داخل ہونے تک سب کچھ معمول کے مطابق رہا لیکن مانچسٹر لینڈنگ سے 10 منٹ پہلے اچانک ہی برطانوی رائل ایئر فورس کے 2 لڑاکا طیاروں نے پی آئی اے کی فلائٹ کو گھیرے میں لے لیا اور اسے رخ موڑ کر لندن کے قریب Stansted ایئر پورٹ پر اتارا گیا، کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاوٴ کیلئے جہاز کو رن وے سے دور آئسولیشن پوائنٹ پر پارک کیا گیا۔ یہاں رائل ائیر فورس کا کام ختم ہوا اور ذمہ داری برطانوی پولیس نے سنبھال لی، جس نے جہاز کو سیکیورٹی گھیرے میں لے کر ایک ایک کرکے مسافروں کو سیڑھی کے ذریعے اتار کر لاوٴنج تک پہنچایا اور 2 مسافروں عمیرہ اشرف اور محمد شفقت کو طیارے سے ہی حراست میں لے لیا۔ تحقیقات کرنے پر علم ہوا کہ جہاز کی سیٹ نمبر 61 جے اور 61 ایچ کے مسافروں عمیرہ اشرف اور محمد شفقت کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی جھگڑے میں بدل گئی، پی آئی اے کے عملے کی جانب سے مداخلت پر مبینہ طور پر جہاز کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں، جس پر پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو غیر معمولی صورت حال کا سگنل دیا، جس کی وجہ سے یہ سارا واقعہ رونما ہوا۔ برطانوی پولیس کے مطابق یہ دونوں مسافر طیارے میں خطرے کا سبب بنے تھے، جس کی بنیاد پر ان سے تفتیش کی گئی۔ پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی پولیس نے دونوں مسافروں سے پوچھ گچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا جبکہ 2 مزید مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کو سیکیورٹی کلئیرنس دے کر مسافروں کو اسی طیارے میں مانچسٹر روانہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :