24 مئی ، 2013
کراچی … کراچی میں منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان مارے گئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ ظفر عباس بخاری کے مطابق ملزمان پختون آباد میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کرنے کے بعد فرار ہورہے تھے کہ قریب موجود پولیس اہلکاروں سے ان کا مقابلہ ہوا، مقابلے میں دونوں ملزمان مارے گئے۔ ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق دونوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ایک مبینہ دہشت گرد کے جسم پر مشکوک چیز بندھی ہونے کے شبہ میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی لینے کے بعد اسے کلیئر کردیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کے جسم پر پستول کا بیلٹ بندھا ہوا تھا ۔