25 مئی ، 2013
کراچی…گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ہے جس نے شہریوں کو بے حال کردیاہے۔ کے ای ایس سی کے مطابق لوڈ شیڈنگ میں اضافہ گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی کا تعطل دیکھا جارہاہے۔ گرمی کی شدت کے اضافے کے ساتھ ہی یومیہ 8 سے 10 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا تیل نکال دیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، شاہ فیصل، گلزارہجری، میٹرول ول تھری، سمیت دیگرعلاقوں شامل ہیں۔ کے ای ایس سی ترجمان کے مطابق، سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے سپلائی میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم گرما میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے مقرر کردہ 276 ملین مکعب فٹ گیس کے بجائے 150 ملین مکعب فٹ گیس یومیہ فراہم کی جارہی تھی، جو مزید کم ہوکر اب محض 120 ملین مکعب فٹ یومیہ کی سطح پر آگئی ہے۔ ترجمان کے سی ایس سی کے مطابق، ایسے حالات میں شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھائے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔ جس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے، جس کا ذمہ دار کے ای ایس سی نہیں بلکہ سوئی سدرن گیس کمپنی ہوگی۔