25 مئی ، 2013
لاہور…برطانیہ میں ڈرامائی صورتحال سے دوچار ہونے والا پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ مانچسٹر سے 188 مسافروں کو لے کر لاہور واپس پہنچ گیا ہے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 710 تقریباً دس گھنٹے تاخیر سے آج سہ پہر برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے لاہور پہنچی۔ گزشتہ روز اسی طیارے کے ذریعہ لاہور سے مانچسٹر کیلئے آپریٹ ہونے والی پرواز پی کے 709 کو دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر برطانیہ کی شاہی فضائیہ نے لندن کے قریبی اسٹین اسیٹڈ ایرپورٹ پر اتار لیا تھا۔ دوران سفر جھگڑے میں پرواز کے دو مسافروں نے فضائی عملے کو طیارہ تباہ کردینے کی دھمکی دی تھی۔ برطانوی شہریت کے حامل یہ دونوں مسافر مقامی پولیس کے تحویل میں ہیں۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق برطانوی پولیس نے طیارے کے کپتان کا بیان بھی ریکارڈ کیا ہے۔ ادھر پی آئی اے انتظامیہ نے بھی اپنے طور پر اس واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔