09 مارچ ، 2012
اسلام آباد… پاکستان نے کہا ہے کہ امریکانے کئی سال قبل بلوچستان میں قونصل خانہ کھولنے کی درخواست کی تھی لیکن اجازت نہیں دی گئی۔۔بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لئے اقدامات جاری ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں نہیں ڈال سکتے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط کاکہناتھاکہ اقوام متحدہ کے نمائندے نے انسانی حقوق کونسل میں بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں فوج کو اختیارات دینے اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے قوانین کا خاتمہ کرے۔۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی مشنز اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ بلوچستان کے مسئلے کو غلط انداز میں پیش نہ کیا جائے، برطانیہ اورسوئٹزرلینڈ کے ساتھ بلوچ رہنماوں کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کا معاملہ اٹھایا ہے اور ان ممالک نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔