09 مارچ ، 2012
فیصل آباد … فیصل آباد میں سول اسپتال کے احاطے میں سڑک پر خاتون نے بچے کو جنم دے دیا، آکسیجن نہ ملنے پر بچے نے دم توڑ دیا۔ خاتون کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ اسپتال نے جگہ نہ ہونے کا بہانہ بناکر اسپتال میں داخل ہی نہیں ہونے دیا، اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فیصل آباد کے نواحی گاوٴں 542 گ ب کی رہائشی خاتون انور بی بی کے مطابق اسے رات گئے سول اسپتال کے لیبر روم لایا گیا تو وہاں ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹروں نے یہ کہہ کر دیکھنے اور طبی امداد دینے سے انکار کردیا کہ ان کے پاس جگہ نہیں ہے اس کو الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا جائے۔ گھروالوں نے الزام لگایا کہ گھروالوں اور خود مریضہ نے ڈاکٹروں سے التجا کی لیکن اس کی ایک نہ سنی گئی۔ حالت بگڑنے پر خاتون ایمرجنسی کے سامنے سڑک پر گر گئی جہاں اس نے بچے کو جنم دیا، بچہ فوری طورپر آکسیجن نہ ملنے پر دم توڑ گیا۔ واقعہ کے بعد لوگوں کے جمع ہونے پر اسپتال کے عملے نے فوری طور پر زچہ اور نومولودکی لاش کوا سپتال سے باہر منتقل کردیا۔ سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عارف کا کہنا ہے کہ سڑک پر بچہ کو جنم دینے اور موت واقع ہوجانے کی تحقیقات کرارہے ہیں۔ تحقیقات میں اس بات کاجائزہ لیاجارہاہے کہ واقعہ عملے کی کوتاہی ہے یا پھر خاتون اسپتال تاخیر سے پہنچی۔