09 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ تحریک طالبان کی دھمکیاں انہیں خوفزدہ نہیں کر سکتیں، اسامہ کی بیویوں، بچوں کی عزت اور حفاظت ہر ممکن طور پر کی جا رہی ہے، اسامہ کے ساتھ رہنے والے افراد غیر قانونی طور پر آئے تھے اسی لئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسامہ بن لادن کی 3 بیوائیں حکومت کی کسٹڈی میں ہیں، جن میں ایک یمنی، دوسری سعودی ہیں جبکہ تیسری کی قومیت کے بارے میں پتا لگا رہے ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ اسامہ بن لادن کے 5 بڑے جبکہ 9 چھوٹے بچے اسلام آباد میں ہی موجود ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ اسامہ کے بچوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، اسامہ کی ایبٹ آباد میں موجودگی کا ذمہ دار کسی ایک ادارے کو ٹھہرانہ درست نہیں، ہم سب کو مل کر سوچنا ہے یہ ناکامی کس طرح ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسامہ کی فیملی کا ٹرائل نہ کرتے تو الزام لگتا کہ ہم ان کا ساتھ دے رہے ہیں، کراچی میں بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے ہوم منسٹر کو ہدایات جاری کر دی ہیں، کراچی چیمبر آف کامرس نے بلایا ہے، آئندہ چند روز میں دورہ کریں گے۔ رحمان ملک نے کہا کہ نادرا نے جدید سروسز کا حامل اسمارٹ کارڈ تیار کر لیا ہے، جس کی مدد سے بینک اکاونٹ، ڈرائیونگ لائسنسنگ اور ووٹر آئی ڈی نمبر حاصل کیا جا سکے گا۔