09 مارچ ، 2012
اسلام آباد … چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ انہوں نے بحیثیت چیئرمین 3 سال انتہائی محنت کی اور اس عرصے میں بہترین قانون سازی کی گئی۔ پارلیمنٹ ہاوٴس میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے جانب سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر فاروق ایچ نائیک کافی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ کھانے کی دعوت ملنے پر ان کاجواب تھاکہ کھانے سے انکار کرنے والا کشمیر ی نہیں ہوتا۔ فاروق نائیک نے بتایاکہ کسی نے ان سے پوچھا کہ کشمیری اتنے گورے چٹے کیوں ہوتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ چٹے چاول کھانے کی وجہ سے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وکیل کم اور جج زیادہ رہے اور زیادہ سننے کا یہی تجربہ سینیٹ میں ان کے کام آیا۔ اس موقع پر ریٹائر ہونے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ جان جمالی کا کہنا تھا کہ شکراس بات کا ہے کہ ان کی شگفتہ مزاجی کی وجہ سے لوگ انہیں شگفتہ جمانی نہیں کہتے۔ جان جمالی نے کہا کہ سینیٹ میں حاجی عدیل، ظفر علی شاہ اور مشاہد اللہ خان بڑے گھرگے ثابت ہوئے، باتوں کو ایسے ایسے رخ دے دیتے کہ کنٹرول کرنا مشکل ہو جاتا تھا اور مشاہداللہ خان توویناملک کوایوان بالا میں کھینچ لاتے۔ جان جمالی نے کہاکہ اب اسلام آباد کم آناہوگاکیونکہ بلوچستان بہت دورہے لیکن اسلام آبادبلوچستان کو دور نہ کرے۔