پاکستان
09 مارچ ، 2012

میں نے عوام کو بتایا کہ سیاست میں کون مداخلت کرتا ہے،الطاف حسین

میں نے عوام کو بتایا کہ سیاست میں کون مداخلت کرتا ہے،الطاف حسین

کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہمیرا دامن کل بھی صاف تھا آج بھی صاف ہے ، میری کردار کشی کرنے کیلئے بعض عناصر کی جانب سے مجھ پر جھوٹے اورمن گھڑت الزامات لگائے گئے لیکن سیاستدانوں میں رقم بانٹنے والوں کی جانب سے یہ اعتراف کرنا کہ الطاف حسین نے ان سے پیسے نہیں لئے اس بات کاثبوت ہے کہ الطاف حسین بکنے ، جھکنے اور ڈرنے والا نہیں بلکہ مظلوموں کا سچا ہمدرد انسان ہے ۔ فوج اورایجنسیوں سے پیسے لینے والوں میں ذرا برابر بھی شرم و حیا ہے تو انہیں از خود سیاست سے دستبردار ہوکر ملک و قوم کی جان چھوڑ دینی چاہئے ۔ انہوں نے پاکستان کی بقاء و سلامتی اور جمہوریت کو عزیز رکھنے والے پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر وہ پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں تو بڑے بڑے جاگیرداروں اور قومی لٹیروں کا ساتھ چھوڑ کر الطاف حسین اور ایم کیوایم کا ساتھ دیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی ، حیدرآباد ، نوابشاہ ، سکھر ، میر پور خاص ، جامشورو ، ٹنڈو الہ یار ، سانگھڑ کے علاوہ صوبہ پنجاب کے شہر لاہور اور راولپنڈی میں کارکنان بڑے اجتماعات سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا جو کہ ایم کیوایم اور الطاف حسین کے خلاف آئی ایس آئی سے رقم لینے کے الزامات غلط ثابت ہونے کی خوشی میں اپنے اپنے شہروں میں جمع ہوئے تھے ۔الطاف حسین نے کہاکہ مجھ پر بہت سے لوگوں نے اسٹیبلشمنٹ کا ایجنٹ ہونے کا الزام لگایا لیکن الطاف حسین پاکستان کا واحد سیاستداں ہے جس نے عوام کو بتایا کہ پاکستان کی سیاست میں کون مداخلت کرتا ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ اسلم بیگ یا ایجنسیوں سے رقم لینے والے سیاستدانوں کوشرم سے ڈوب مرنا چاہئے اور عوام کو اپنی شکل نہیں دکھانی چاہئے ،رقم لینے والے سیاستدانوں اور سیاسی ومذہبی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ از خود سیاست سے دستبردار ہوکر ملک وقوم کی جان چھوڑ دیں۔انہوں نے ایک مرتبہ پھررابطہ کمیٹی اورکارکنان سے پاکستان آنے کی اجازت مانگی تاہم تمام کارکنان نے الطاف حسین کووطن واپس آنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے قائد کو سرخرو کیا ہے لہٰذا آپ اپنے اپنے مذہبی عقائد کے مطابق شکرانہ ادا کریں۔

مزید خبریں :