10 مارچ ، 2012
واشنگٹن… امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس نائیڈز سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تھامس نائیڈز نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی جانب سے پارلیمانی جائزہ مکمل ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔ملاقات میں شیری رحمان نے کانگریس میں بلوچستان کے بارے میں پیش کئے جانے والے بل پر تحفظات کا اظہار کیا۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتا ہے۔اس موقع پردونوں رہنماوٴں نے پارلیمانی جائزے کی روشنی میں مشترکہ بنیادوں پر دوطرفہ تعلقات وضع کرنے کیلئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے سرمایہ کاری اور چیئرمین انوسٹمنٹ بورڈ سلیم مانڈوی والا نے بھی امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس نائیڈز اور اقتصادی ترقی و توانائی کینائب وزیر رابرٹ ہارمینٹس سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات میں امریکی حکام نے پاکستان کی سول امداد جاری رکھے جانے کا یقین دلایا۔امریکی حکام نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔