10 مارچ ، 2012
لاہور…ریلوے بوگی چوری کیس کا مبینہ مرکزی ملزم سابق میجر محمد ایوب بھی گرفتار ہو گیا۔ اس کیس میں دو ریلوے ملازمین اور سابق میجر کے تین رشتے دار پہلے ہی گرفتار ہیں۔ریلوے پولیس کے مطابق چوری شدہ تمام تانبا برآمد کرکے تمام ملزم گرفتار کرلئے گئے ہیں۔گزشتہ سال اگست میں لاہورریلوے اسٹیشن سے تانبے سے بھری بوگی اچانک چوری ہوگئی تھی۔جیونیوز نے بوگی چوری کی اس انوکھی واردات کی خبر نشر کی تو ریلوے پولیس نے اگلے ماہ میں مقدمہ درج کر لیا۔ اس کے بعد دوریلوے ملازمین اور پھر میجر ایوب کے تین رشتہ دار گرفتار کئے گئے۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ ان کی سرپرستی جی ایچ کیومیں تعینات میجر ایوب کر رہے ہیں اور ان کے خطوط پر تانبے کی بوگی لاہور سے کھاریاں پہنچائیں گئی جہاں تانبا نکا ل کر فروخت کردیا گیا۔ فوج نے تحقیقات کے بعدمیجر ایوب کو قصور وار قراردے کربرطرف کردیا تھا، اب ریلوے پولیس نے سابق میجر کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔