10 مارچ ، 2012
کراچی … امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات نہ کئے تو انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پر غور کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ شفاف انتخابات کا عمل درست ووٹر لسٹوں کے بغیر ممکن نہیں اور کراچی میں 30 سے 40 فیصد ڈسپلے سینٹرز میں نہ ہی ووٹر لسٹیں ہیں اور نہ ہی عملہ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تقریباً 15 لاکھ ووٹرز کو ایک ٹاوٴن کے بجائے دوسرے ٹاوٴن میں ڈال دیا گیا ہے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کو نادرا کے ڈیٹا بیس کے مطابق تشکیل دیا جائے، ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی کیلئے دی گئی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی کی ایک جماعت ووٹر لسٹوں میں بدیانتی کے ذریعے انتخابی نتائج کو متاثر کرنا چاہتی ہے۔