12 جون ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقوں لیاری اور آگرہ تاج کالونی کی کشیدہ صورتحال کے خلاف علاقہ مکینوں نے ماری پور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔پولیس نے شیلنگ،ہوائی فائرنگ اور واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا اور سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی۔لیاری کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں اب تک متعدد افراد جاں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ اس بدامنی کے خلاف ماری پور روڈ پر علاقہ مکینوں نے احتجا ج کیا۔ انہوں نے ٹائر جلائے اور پتھراؤ کرکے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو گروپوں میں فائرنگ کے باعث علاقے میں خانہ جنگی کی صورتحال بن گئی ہے جبکہ علاقہ پولیس اور رینجرز کے لئے نوگو ایریا بنا ہوا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ کشیدگی کے باعث علاقے میں ایمبولینس بھی نہیں جاسکتی ہے۔ احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری طلب کی گئی۔ جنہوں نے شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کردیا اور ماری پور روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔