12 جون ، 2013
اسلام آباد … مالی سال 2013-14ء میں 2 نئے ٹیکس سلیب متعارف کرا دیئے گئے، سالانہ 5 لاکھ روپے تک کمانے والوں کیلئے ڈھائی ہزار روپے کی بچت جبکہ 50 لاکھ روپے سالانہ کمانے والوں کو اضافی ایک لاکھ 25 ہزار روپے دینا ہوں گے۔ بجٹ دستاویز کے مطابق تنخواہ دار طبقہ کیلئے 2 نئے ٹیکس سلیبوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت سالانہ 4 سے 5 لاکھ روپے کمانے والے پر 5 فیصد انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نصف ٹیکس ہو گا، یوں 5 لاکھ روپے تک انکم رکھنے والے کو سالانہ 5 ہزار کی بجائے ڈھائی ہزار روپے ٹیکس دینا ہو گا، گزشتہ سال 40 لاکھ روپے سے زائد آمدن والے کو 9 لاکھ روپے ٹیکس دینا پڑتا تھا، دستاویز کے مطابق موجودہ بجٹ میں 50 لاکھ روپے کمانے والے کیلئے ایک ٹیکس سلیب متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اسے 30 فیصد یعنی ساڑھے 10 لاکھ 25 ہزار روپے سالانہ ٹیکس کی صورت میں ادا کرنا ہوں گے۔