10 مارچ ، 2012
پشاور … جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو پیسے دینے سے متعلق کیس میں جماعت اسلامی پر لگنے والے الزامات بے بنیاد ہیں، جماعت اسلامی کے خلاف ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں۔ المرکز جماعت اسلامی پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جماعت اسلامی پر پیسے لینے کے الزامات کے ثبوت سامنے لائے جائیں، اگر جماعت اسلامی پرالزام ثابت ہو جائے تو وہ سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں عدلیہ نے غفلت برتی جس کے باعث 22سال بعد بھی عدلیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ عدلیہ ہر کام میں ٹانگ اڑاتی ہے اور کوئی نتیجہ نہیں نکال پاتی۔ پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہیں جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع کی آج بھی مخالفت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اسلامیات کے نصاب سے جہاد سے متعلق احادیت اور قرانی آیات حذف کر کے امریکا دوستی اوراسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔