10 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی دباوٴ میں نہیں آئیں گے، ان کا کہنا ہے کہ امریکا سے کبھی نہیں کہاکہ وہ سلالہ چیک پوسٹ کے واقعہ پر معافی مانگ لے تو نیٹو سپلائی کھول دیں گے، اصل دوستی لڑائی کے بعد شروع ہوتی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ گیس پائپ لائن منصوبے پر قومی مفاد میں فیصلہ کیا جائیگا،پاکستان اور امریکا کے درمیان اعتماد کی کمی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان سے خوفزدہ نہیں، وہ ان کے فیورٹ ہیں، 20ویں ترمیم کے ذریعے آزاد الیکشن کمیشن کے قیام کے بعد عمران خان کو مطمئن ہو جانا چاہئے۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام اتنے ہی محب وطن ہیں جتنا کوئی بھی دوسرا پاکستانی، اور بلوچستان کے حالات کی بہتری کیلئے اے پی سی بلانی ہو یا جرگہ تیار ہیں۔