10 مارچ ، 2012
لاہور … سینیٹر بابراعوان نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس نیب کیس ہے، معلوم نہیں نیب سورہا ہے یا جاگ رہا ہے، گڈبوائے بننے والے سیاستدانوں کیلئے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا اچھاموقع ہے ۔لاہورمیں شادی کی ایک تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابراعوان نے کہا سیکشن 9اور 10 کے تحت اصغر خان کیس نیب کا کیس بنتا ہے، جس میں اتھارٹی اور اختیارات کا غلط استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا جو لوگ پیپلز پارٹی کو سپریم کورٹ میں پیش ہونے کے مشورے دیتے تھے اور جنہوں نے کالے کوٹ بنوا رکھے تھے، اب وہ یہی کالے کوٹ پہن کر اپنی صفائی پیش کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اصغر خان کیس کا فیصلہ زندہ کرداروں کی زندگی میں ہی ہو جائے گا۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اصغر خان کیس اگرتلہ سازش اور حوالہ کیس سے بڑا مقدمہ ہے۔