پاکستان
10 مارچ ، 2012

تحریک انصاف طالبان و مذہبی جماعتوں کے قریب ہے، حیدر عباس رضوی

تحریک انصاف طالبان و مذہبی جماعتوں کے قریب ہے، حیدر عباس رضوی

کراچی … متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ عمران خان کی جماعت کا جھکاوٴ دائیں بازو کی جماعتوں کی طرف ہے اور تحریک انصاف طالبان اور مذہبی جماعتوں سے قربت رکھتی ہے۔ یہ بات انہوں نے گلشن اقبال میں ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ حیدر عباس رضوری نے کہا کہ تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے جلسوں سے تاثر ملا کہ کراچی میں دائیں بازو کی سیاست طول پکڑ رہی ہے لیکن 19 فروری کو ایم کیو ایم کے خواتین کے جلسے سے ثابت ہوا کہ کراچی روشن خیال اور اعتدال پسندوں کا شہر ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ کراچی صرف روشنیوں کا نہیں اب پلوں، خوبصورت شاہراہوں اور ترقیاتی منصوبوں کا شہر ہے اور یہ ترقی مقامی نظام کے باعث ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی میں 19 فروری کے جلسے کا اہم کردار ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں تبدیلی آرہی ہے، ہمیں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصغر خان کیس اور ریٹاٹرڈ فوجی افسران کے انکشافات نے متحدہ قومی موومنٹ کو نئی منزل پر پہنچایا ہے۔

مزید خبریں :